چین سب سے بڑی ورچوئل کائنات بنانے میں کامیاب

01:30 PM, 1 Aug, 2017

بیجنگ:چین کے سائنسدانوں نے دنیا میں پہلی بار سب سے بڑی ورچوئل کائنات کو تیار کرلیا ہے۔دنیا کے تیز ترین سپرکمپیوٹر کی مدد سے چینی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے سب سے بڑی ورچوئل کائنات کو تیار کیا جسے ”سن وے تائی ہو لائٹ“ کا نام دیا گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ ورچوئل کائنات رواں سال جون میں زیورخ یونیورسٹی کے ماہرین کی تیار کردہ کمپیوٹر کائنات سے 5 گنا بڑی ہے۔تاہم چینی سائنسدانوں کی یہ سمولیشن کائنات ایک گھنٹے تک ہی کام کرتی ہے جبکہ سوئس سمولیشن 80 گھنٹے تک برقرار رہتی ہے۔

اس طرح کی کمپیوٹر سمولیشن کے ذریعے خلا بازوں کو خلاء کے مختلف خطوں کی تحقیق میں مدد ملتی ہے اور وہ اس کے پراسرار عناصر جیسے تاریک مادے اور تاریک توانائی پر روشنی ڈالنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔چینی ٹیم نے اپنے تجربے میں کائنات کی پیدائش اور ابتدائی توسیع کو تخلیق کرنے کی کوشش کی ہے، تاہم ان کا تجربہ مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکا۔

ماہرین کے مطابق چین کے تیار کردہ سپر کمپیوٹرز عام طور پر اپنی مکمل صلاحیت کے تحت چلنے میں ناکام رہتے ہیں۔تاہم چینی سائنسدانوں کو توقع ہے کہ وہ جلد ہی اپنے نظام کی خامیوں کو دور کرکے ایسا سمولیشن تیار کرنے میں کامیاب رہیں گے، جو کائنات کی تخلیق سے لے کر موجودہ عہد تک کا احاطہ کرسکے گا۔اس کے لیے اب یہ ٹیم 2019 تک موجودہ سپر کمپیوٹر سے 10 گنا تیز مشین تیار کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں