بھارت میں اٹاری کے مقام پر لہرایا جانے والا ترنگا باعثِ شرمندگی بن گیا

01:18 PM, 1 Aug, 2017

امرتسر:بھارت کی جانب سے پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے سرحد کے قریب نصب کیا جانے والا 360 فٹ بلند ترنگا خود بھارت کیلئے باعث شرمندگی بن گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست امرتسر میں اٹاری کے مقام پر 360 فٹ کی بلندی پر بھارتی جھنڈا (ترنگا) لہرا گیا تھا۔

اتنی بلندی پر جھنڈا لہرانے کے پیچھے بھارتی حکام کی نیت یہ تھی کہ ان کا پرچم پاکستان سے بھی صاف نظر آ سکے تاہم بھارت کا یہ مذموم مقصد پورا نہ ہوسکا اور تند و تیز ہوا نے بھارتی ترنگے کو تار تار کردیا جس کی وجہ سے ریاستی حکام کو جھنڈا وہاں سے ہٹانا پڑا۔

افتتاح کے بعد سے اٹاری کے مقام پر لگایا جانے والا جھنڈا تیز ہواوں کی وجہ سے تین بار پھٹ چکا ہے اور آخری بار ریاستی حکام نے رواں برس اپریل میں یہاں سے جھنڈا ہٹایا تھا جسے اب تک دوبارہ نہیں لگایا جا سکا۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے موقع پر بھی اس مقام پر جھنڈا نہیں لہرائے گا جو کہ بھارتی شہریوں کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہا ہے۔

امرتسر کے ڈپٹی کمشنر کمال دیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار وزارت داخلہ اور وزارت بلدیات کو لکھ چکے ہیں کہ یہ جھنڈا پاکستان سے بھی نظرآتا ہے اور جب یہ پھٹ جاتا ہے تو شرمندگی پورے بھارت کو اٹھانی پڑتی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کی وزارت داخلہ اب تک کوئی حل نکالنے میں ناکام ہے کہ بار بار جھنڈے کو پھٹنے سے کیسے بچایا جائے اور عین ممکن ہے کہ اس بار 15 اگست پر اس مقام پر پرچم کشائی بھی نہ ہو سکے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں