قائد ایوان کا چناؤ، عمران خان انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیں گے

12:15 PM, 1 Aug, 2017

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان کے چناؤ کے لئے ہونیوالے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اجلاس میں شرکت نہ کر نے کا فیصلہ کیا جبکہ ان کی عدم موجودگی میں وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

واضح رہے وزارت عظمی کے لئے اپوزیشن کی جانب سے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار ہیں، خورشید شاہ اور نوید قمر پیپلز پارٹی، کشور زہرہ ایم کیو ایم پاکستان اور صاحبزادہ طارق اللہ جماعت اسلامی کے امیدوار ہیں۔

قومی اسمبلی میں آج سہ پہر تین بجے عبوری وزیر اعظم کا انتخاب ایوان کی تقسیم اور اوپن بیلیٹنگ کے طریقہ کار کے تحت ہو گا۔ ایوان میں مختلف لابیز بنائی جائیں گی اور حامی اراکین قطار میں نام درج کرواتے ہوئے اپنے امیدوار کی لابی میں چلے جائیں گے اور ووٹوں کی گنتی کے بعد ایوان کی گھنٹیاں پھر سے بجیں گی۔ اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر وزارت عظمی کے لیے کامیاب امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

یاد رہے قومی اسمبلی میں 342 کے ایوان میں وزارت عظمی کا انتخاب جیتنے کے لیے سادہ اکثریت یعنی کم از کم 172 ووٹوں کی ضرورت ہو گی جب کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس 188 ووٹ ہیں اور ںہیں اپنے اتحادیوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے ان کے ووٹ بھی تقسیم ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں