قطر نے ہمسایہ ممالک کے خلاف شکایت کر دی،برطانوی میڈیا

قطر نے ہمسایہ ممالک کے خلاف شکایت کر دی،برطانوی میڈیا

لندن:قطر نے ہمسایہ ممالک کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا اقدام اٹھا تے ہوئے عرب ممالک کے خلاف شکایت کر دی۔قطر نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن(ڈبلیو ٹی او)سے باقاعدہ طور پر شکایت کی ہے جس کا مقصد سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس کے تجارتی بائیکاٹ کو چیلنج کرنا ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ان ممالک کو قطر کے ساتھ مذاکرات کرنا ہوں گے۔

لیکن اگر ان مذاکرات میں 60 دن کے اندر اس مسئلے کا کوئی حل تلاش نہ کیا گیا تو معاملہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے منتخب کردہ پینل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق قطر کی جاب سے اس شکایت کے بارے میں پہلے رپورٹ کیا تھا۔

یاد رہے کہ قطر اور اس کے پڑوسی عرب ممالک کے درمیان کشیدگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب اور مصر سمیت چار عرب ممالک نے قطر پر خطے کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

قطری حکومت پر دبا بڑھانے کے لیے ہمسایہ ممالک نے اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں جب کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر سے آنے اور وہاں جانے والی پروازیں بند کر دی ہیں اور قطری فضائی کمپنی قطر ایئرویز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

قطر پر الزام ہے کہ وہ ایران کی جانب نرم گوشہ رکھتا ہے، لیبیا اور یمن کے باغیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے اور اس نے اپنے سرکاری الجزیرہ چینل کی مدد سے دوسرے عرب ملکوں کے خلاف میڈیا وار شروع کر رکھی ہے۔