تہران : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پر بمباری کی دھمکی پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران نے جوہری معاہدے پر بات نہیں کی تو ایران پر بمباری کی جائے گی اور مزید سخت معاشی پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اس دھمکی پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی دشمنی ہمیشہ سے جاری رہی ہے، اور اگر امریکا نے ایسا کوئی قدم اٹھایا تو ایران سخت جوابی کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے ایران میں بغاوت کی کوشش کی، تو ایرانی عوام خود اس کا جواب دے گی۔
اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے ایران کو ایک خط بھیجا تھا، جس میں جوہری معاہدے کی تجدید پر زور دیا تھا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان نے جوابی خط میں کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے، لیکن بالواسطہ بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔