اسلام آباد :ملک کی مجموعی برآمدات میں مارچ میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔دستاویزات کے مطابق مارچ میں برآمدات کا حجم 2 ارب 55 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال کی نسبت 19 کروڑ زیادہ ہے جبکہ فروری کی نسبت برآمدات میں 1.08 فیصد کی کمی ہوئی ہے، فروری میں برآمدات 2 ارب 58 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مجموعی برآمدات میں 8.93 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا مارچ مجموعی برآمدات کا حجم تقریباً 23 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال اسی عرصے مجموعی برآمدات 21 ارب ڈالر تھیں۔دوسری جانب مارچ میں درآمدات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مجموعی درآمدات میں سالانہ 25.86 فیصد اضافہ ہوا۔دستاویزات کے مطابق مارچ میں مجموعی درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال مارچ میں 3 ارب 75 کروڑ ڈالر تھیں۔
اسی طرح فروری کے مقابلے میں مارچ میں مجموعی درآمدات میں 9.25 فیصد اضافہ ہوا ہے، فروری میں مجموعی درآمدات 4 ارب 32 کروڑ ڈالر تھیں ۔رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں درآمدات میں 8.65 فیصد کمی ریکاڈ کی گئی ہے، دستاویزات کے مطابق اس مالی سال جولائی تا مارچ مجموعی درآمدات کا حجم تقریباً 40 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 43 ارب 72 کروڑ ڈالر تھیں۔