جس طرح ساری دنیا میں بارڈر ہیں پاک افغان بارڈر کو بھی ویسا ہونا چاہیے، پاک چین تحقیقاتی ٹیمیں ملکر دہشتگردی کا سراغ ڈھونڈیں گی : خواجہ آصف

08:29 PM, 1 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ  پاک چین تحقیقاتی ٹیمیں ملکر دہشتگردی کا سراغ ڈھونڈیں گی ،امریکہ ایران سے گیس نہ لینے کا متبادل بتائے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ  ہائوس  میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  پاک چین تحقیقاتی ٹیمیں ملکر دہشتگردی کا سراغ ڈھونڈیں گی ،امریکہ ایران سے گیس نہ لینے کا متبادل بتائے۔


وزیر دفاع نے کہا کہ چینی ورکرز پر حملے کی تحقیقات جاری ہے، اس میں چینی تحقیقاتی ٹیم بھی شامل ہے، کچھ لیڈز ملی ہیں، پاک چین تحقیقاتی ٹیمیں ملکر اس دہشتگردی کا سراغ ڈھونڈیں گی، آنے والے دنوں میں ایسی دہشتگردی کا سدباب بھی کریں گے۔

 خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام چل رہا ہے اہداف بھی پورے کر رہے ہیں، میں نے اس حوالے سے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے میں ایک ڈیڑھ سال لگے گا، 2700 ارب روپے کے ٹیکس کے کیسز زیر التوا ہیں، ٹیکس، بجلی، گیس میں ہزاروں ارب کی چوری ہورہی ہے، یہ چیزیں درست کریں گے تو عوام کو ریلیف ملے گا، آئندہ 6 ماہ میں ہمارے اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ ایران سے گیس نہ لینے کا متبادل بتائے، ہم عالمی مارکیٹ سے مہنگی ایل پی جی خریدتے ہیں، اگر کوئی پڑوسی اچھے نرخ پر گیس دیتا ہے تو لینا ہمارا حق ہے، امریکا کو ہماری معاشی صورتحال سمجھنا ہوگی۔


ان کاکہنا تھا کہ بارڈر کی جو بین الاقوامی حیثیت ہوتی ہے اس کا احترام نہیں کیا جارہا، پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کا منبع افغانستان میں ہے، جب تک افغانستان ٹی ٹی پی کی پناہ گاہیں اور سہولت کاری نہیں چھوڑے گا تب تک یہ سلسہ چلتا رہے گا۔


خواجہ آصف نے کہا کہ میں خود وفد لیکر افغانستان گیا تھا، افغان حکومت سے درخواست کی آپ پر ہمسایہ ہونے کے ناطے فرض ہے کہ دہشتگردی روکیں، افغانستان کی طرف سے دیا جانے والا حل قابل عمل نہیں تھا، افغان حکومت کے دن بدن بدلتے رویہ سے ہمارے پاس ان کیلئے آپشن محدود ہو رہے ہیں۔جس طرح ساری دنیا میں بارڈر ہیں پاک افغان بارڈر کو بھی ویسا ہونا چاہیے۔

مزیدخبریں