کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی،3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی ایک کروڑ 85 لاکھ سے زائد ٹک ٹاک ویڈیوز ڈیلیٹ

04:36 PM, 1 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی ایک کروڑ 85 لاکھ سے زائد ٹک ٹاک ویڈیوز ڈیلیٹ کردی گئی ہیں ۔ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے اکتوبر سے دسمبر 2023 کے دوران پاکستانی صارفین کی پونے 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کیں۔یہ بات کمپنی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔


 ٹک ٹاک نے 2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کی ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے اکتوبر سے دسمبر 2023 کے دوران 17 کروڑ 46 لاکھ ایک ہزار 963 ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹایا۔یہ تعداد اس عرصے میں ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی مجموعی ویڈیوز کے لگ بھگ ایک فیصد کے برابر ہے۔


پاکستان میں اس عرصے کے دوران ایک کروڑ 85 لاکھ 96 ہزار سے زائد ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا گیا۔کمپنی کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریبا 95.3 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔
ٹک ٹاک نے ایک کروڑ 98 لاکھ 48 ہزار 855 ایسے اکاؤنٹس بھی پلیٹ فارم سے ہٹائے، جن کے بنانے والوں کی عمر 13 سال سے کم تھی۔


کمپنی کی جانب سے مواد کی جانچ پڑتال کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کا مجموعہ استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مبنی مواد کی نشاندہی اور کارروائی کی جاسکے۔

مزیدخبریں