خنجراب پاس 4 ماہ کی بندش کے بعدتجارت اور سیاحت کے لیے کھول دیا گیا

02:08 PM, 1 Apr, 2024

گلگت:پاک چین تجارتی شاہراہ خنجراب پاس 4 ماہ کی بندش کے بعد آج سے تجارت اور سیاحت کے لیے کھول دی گئی۔

ذرائع کے مطابق بارڈر کھلنے کے بعد چین سے پاکستان تک بذریعہ سڑک تجارت کا آغاز ہوگیا، پہلے روز 15 کنٹینرز تجارتی سامان لے کر چین سے پاکستان آئے ہیں۔

چین سے آنے والے کنٹینرز کا سامان لاہور، راولپنڈی اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں روانہ کیا جائے گا۔

امیگریشن ذرائع کے مطابق سرحدی معاہدے کے تحت ہر سال پاک چین سرحد کو یکم دسمبر سے 31 مارچ تک بند کیا جاتا ہے۔

 
بارڈر حکام کے مطابق سرحدی معاہدے کے تحت سرد موسم اور برف باری کے باعث سرحدی آمد و رفت بند کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ 12 نومبر 2023 کو چینی حکومت نے خنجراب پاس کو سردیوں میں 4 ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ، اس سے تقریباً ایک ماہ قبل یہ راستہ سال بھر کھلا رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں