اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عدالت عظمی میں بیٹھے چند ججز واضح طور پر عمران خان کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اور اس کی جماعت کے موقف کو ہر قیمت پر جتوانا چاہتے ہیں ۔اس مقصد کیلئے انہوں نے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کی ہوئی ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ کا موجودہ بنچ از خود نوٹس مقدمے میں واضح فریق کا کردار ادا کررہا ہے ۔ ہمیں اس تین رکنی بنچ اور اس عدالت پر کوئی اعتبار نہیں رہا ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ پر عمران خان سے کسی قسم کی بات چیت کا حصہ بنیں گے اور نہ ہی ایسے مجرموں کیساتھ ڈائیلاگ کرنا چاہیں گے ۔ ہم موجودہ چیف جسٹس اور بنچ کے دوسرے دو ججز پر مکمل عدم اعتماد کرتے ہیں سوموٹو کیس 4/3 سے مسترد ہوچکا ہے لہذا اس پر مزید سماعت کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ہمیں نصیحت کررہے ہیں کہ مل بیٹھ کر بیٹھیں لیکن خود اپنی عدالت میں انہوں نے تفریق پیدا کردی ہوئی ہے ۔ آج کہا جارہا ہے کہ آئین کا تقاضا ہے کہ نوے روز میں الیکشن کروائے جائیں تو سپریم کورٹ بتائے یہ اس وقت کدھر تھی جب یہی سپریم کورٹ خود آمر پرویز مشرف کو تین برس میں الیکشن کروانے کی اجازت دے رہی تھی۔