حکومت کا ساتھ چھوڑ کر ہمارے ساتھ آجائیں : صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی کا حکومتی اتحادیوں سے رابطہ 

06:15 PM, 1 Apr, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی نے حکومتی اتحادیوں سے رابطہ کرلیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں سے بات چیت میں آئین کی بالادستی اور ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ہدایت پر مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ  کیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کو حکومت کا ساتھ چھوڑنے پر  کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ 

چودھری پرویزالٰہی نے کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنما ایم کیو ایم مصطفی کمال اور ڈاکٹر وسیم اختر سے  بات چیت کی  اور انہیں کہا کہ آپ آئین کی بالا دستی کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ 

مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے ڈاکٹر حسن محی الدین اور خرم نواز گنڈاپور سے بھی مشاورت  کی ۔چودھری پرویزالٰہی کا امیر مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان علامہ زبیر احمد زہیر  کو بھی ٹیلیفون کیا۔ 

صدر پی ٹی آئی  چودھری پرویزالٰہی   کا کہنا ہے کہ  چیف جسٹس کی استقامت سے سازشی عناصر میں کھلبلی مچ چکی ہے۔فل کورٹ کا راگ صرف الیکشن سے بچنے کیلئے الاپا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے مفرور نوازشریف کی جانب سے فل کورٹ کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔ جھوٹ بول کر جیل سے فرار ہونے والا کس منہ سے عدلیہ کو بھاشن دے رہا ہے۔ نوازشریف کے مطالبے سے بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ سپریم کورٹ کی خلاف سازش کی ڈوریاں لندن سے ہلائی جا رہی ہیں۔سپریم کورٹ کا حکم ماننے سے انکار کیا گیا تو شہبازشریف توہین عدالت کے جرم میں نااہل ہوں گے اور جیل جائیں گے۔

مزیدخبریں