لندن ، اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات ملتوی کیس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کے بائیکاٹ کا مشورہ دے دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے رابطہ کیا تھا کہ سپریم کورٹ سے تعاون کیا جائے یا نہیں؟ اس پر نواز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن ثاقب زدہ جج ہیں ان سے انصاف کی توقع نہیں لہٰذا کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال ، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل بینچ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مشورہ پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو فل کورٹ نہ بنانے پر بینچ کے بائیکاٹ کا کہہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ پیر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات میں التوا کے معاملے کی سماعت کرے گا۔