راولپنڈی: عسکری ذرائع نے وزیراعظم عمران خان کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ انہوں نے اپوزیشن کی طرف سے حکومت کو 3 آپشنز دیے ہیں۔ آپشنز اپوزیشن نے نہیں حکومت نے دیے تھے اپوزیشن نے مسترد کردیے۔
نجی ٹی وی نے ذمہ دار عسکری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں پی ایم ہاؤس نے عسکری قیادت سے رابطہ کیا۔
ذمہ دار عسکری قیادت سے ہماری بات چیت کے مطابق وزیر اعظم آفس نے عسکری قیادت سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق رابطہ کیا۔ممکنہ آپشنز زیر بحث آئے۔استعفے اور عدم اعتماد کے آپشن پر وزیر اعظم مطمئن نہ تھے۔ تیسرے آپشن پر اتفاق ہوا مگر اسے اپوزیشن نے مسترد کردیا pic.twitter.com/FjsotD2saE
— Waseem Badami (@WaseemBadami) April 1, 2022
عسکری ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے رابطے کے بعد حکام پی ایم ہاؤس گئے ۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اگر اپوزیشن تحریک واپس لے لے تو وہ اسمبلی تحلیل کردیں گے تاہم اپوزیشن نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج نجی ٹی وی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اپوزیشن کا پیغام لے کر آئی تھی اور تین آپشنز تھے کہ یا تو تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں، استعفیٰ دیں یا تحریک عدم اعتماد واپس لینے پر اسمبلیاں تحلیل کریں لیکن اسٹیبلشمنٹ نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔