لاہور:میں تے ہنڈا ای لیساں ۔۔۔ لیکن اب کیا کریں جب ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو تا جا رہا ہے ،ایک ایسی سواری جو ہر غریب کی امیر ترین سواری ہوا کرتی ہے اب اس کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اٹلس ہنڈا نے ایک ماہ دوسری بار موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم اپریل سے شروع ہو جائے گا ،اس سے قبل کمپنی نے یکم مارچ 2022 کو آخری بار قیمتیں بڑھائی تھیں۔
اب کی بار ہنڈا نے موٹرسائیکل کی قیمتوں2 ہزار روپے سے 9 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ،پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی موٹر سائیکل ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے،جس کے بعد اس (ہنڈا سی ڈی 70)سواری کی قیمت 99 ہزار 900 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔
ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں 2 ہزار اور پرائڈر کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے،جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت ایک لاکھ 4 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 6 ہزار 500 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 33 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 36 ہزار 900 روپے ہوگئی۔
اب بات کرتے ہیں ہنڈا 125 کی ،تو جناب ہنڈا سی جی 125 کی قیمت میں 4600 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 400 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 59 ہزار 400 روپے ہوجائے گی۔سی جی 125 ایس ای کی نئی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 500 روپے ہو چکی ہے ۔
کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی کوئی وجہ تو سامنے نہیں آئی مگر ممکنہ طور پر پاکستانی روپے کی قدر اور اسٹیل کی قیمتوں میں اضافہ ممکنہ وجوہات ہوسکتی ہیں۔