وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد، جام عبدالکریم سندھ ہاؤس پہنچ گئے

01:36 PM, 1 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں ووٹ کیلئے  پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)  کے ایم این اے جام عبدالکریم  اسلام آباد میں سندھ ہاؤس  پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم نجی ائر لائن کی پرواز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد پہنچے، جہاں سے سخت سیکیورٹی میں  جام عبدالکریم کو سندھ ہاؤس پہنچا دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس  میں نامزد  پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی ضمانت منظور کر لی تھی۔  سندھ ہائیکورٹ نے  جام عبدالکریم کی  ناظم جوکھیو قتل کیس میں  11 اپریل تک ضمانت منظور کی اور  ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

  

جام عبدالکریم گزشتہ روز ہی پاکستان پہنچے تاکہ   وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ استعمال کرسکیں ۔

 یاد رہے کہ  ناظم جوکھیو کے اہل خانہ نے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم جوکھیو سمیت تمام ملزمان کو خون معاف کردیا تھا، اس حوالے سے ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔ ویڈیو بیان میں ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے کہا کہ میں بہت مجبور ہوں، میرے گھر والوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا ہے، میں اکیلی نہیں لڑ سکتی، اپنے بچوں کی خاطر میں نے سب ملزمان کو چھوڑ دیا اور اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے۔ 

مزیدخبریں