لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کے لئے جوڑ توڑ جاری ، وزیر دفاع پرویز خٹک کے پنجاب میں سیاسی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے رابطے ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پرویز خٹک پنجاب میں جوڑ توڑ اور ناراض ارکان کو منانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ اس سلسلے میں وہ آج شام کو لاہور میں ترین گروپ کے ناراض ارکان سے ملاقاتیں کریں گے ۔ پرویز خٹک چوہدری برادران سے بھی ملاقات کریں گے ۔
دوسری جانب ، اپوزیشن نے چھینہ گروپ ، ترین گروپ اور علیم خان گروپ سے رابطے کرکے حمایت مانگ لی ہے ۔ جس پر چھینہ گروپ نے جواب کے لئے وقت مانگتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مشاورت سے جواب دیں گے ۔
پیپلزپارٹی قیادت نے بھی ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے اور آج ترین گروپ سے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی ملاقات متوقع ہے ۔
واضح رہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے اور چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعلیٰ نامزدگی کے معاملے پر پی ٹی آئی کے ناراض ڈھڑے کوئی حتمی فیصلہ نہ کر سکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے کسی کی حمایت کی جائے کس کا ساتھ دیا جائے صلاح مشورے جاری ہیں ۔ ترین گروپ ، علیم خان گروپ اور چھینہ گروپ آج بھی غیر رسمی مشاورتی اجلاس کریں گے ۔