اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے منصوبے کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’سیکیورٹی ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکا منصوبہ سامنے آیا ہے، ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکا منصوبہ سامنے آیا ہے، ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 1, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فیصل واوڈا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ انہیں قتل کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطرے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کو عوامی اجتماعات سے خطاب کے دوران بلٹ پروف شیلڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا لیکن وزیراعظم نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ وقت پر اس دنیا سے چلے جائیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بہادر ہیں، وہ ملک کو داؤ پر نہیں لگائیں گے اور قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے۔فیصل واووڈا نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا ملک کی خارجہ پالیسی پر واضح موقف ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، ملک کے ایئربیس کسی کو پڑوسی ممالک پر حملے کے لیے نہیں دیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی قیادت کرنے والے عوام کا اثاثہ ہیں لیکن افسوس کہ ماضی میں غیر ملکی آقاؤں کے حکم پر پاکستان کی خارجہ پالیسی تبدیل کی گئی۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ان کے وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے بھی موجود تھا۔ جلسوں میں ہم انسانی ڈھال کے طور پر ان کے سامنے کھڑے ہوتے تھے۔ ایجنسیاں ہمیں بتاتی تھیں کہ عمران خان پر حملہ ہونے کے امکانات ہیں۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ہم نے وزیر اعظم سے اپنی جان کو لاحق خطرات کو بھی شیئر کرنے کو کہا تھا لیکن وہ بہادر ہیں اور اسے اپنی کمزوری کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہتے۔"