سابق صدر آصف زرداری کے خلاف سوئس کیس دوبارہ کھلنے کا امکان ہے،فوادچوہدری

سابق صدر آصف زرداری کے خلاف سوئس کیس دوبارہ کھلنے کا امکان ہے،فوادچوہدری
سورس: file photo

اسلام آباد، حکومت کو براڈ کمیشن سے سوئس کیس کا ریکارڈ مل گیا جس کے بعد سابق صدر آصف زرداری کے خلاف سوئس کیس دوبارہ کھلنے کا امکان ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ براڈ شیٹ کمیشن نے سوئس کیس کے حوالے سے نشان دہی کردی ہے حکومت کو سوئس اکاؤنٹ کا اوریجنل ریکارڈمل گیا ہے ۔ ان  دستاویزات کے تحت آصف علی زرداری کے خلاف سوئس اکاوٴنٹس کیس دوبارہ کھل سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی حکومت نے براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن میں نامزد 5 افراد کے خلاف کرمنل کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

  فواد چوہدری نے کہا کہ سابق آصف زرداری بری ہوئے تو کہا گیا کہ نیب کے پاس سوئس اکاوٴنٹس کا اوریجنل ریکارڈ نہیں، اب سوئس اکاوٴنٹ کا حکومت کے پاس اوریجنل ریکارڈ موجود ہے، لیگل ٹیم جائزہ لے رہی ہے، آصف زرداری کے خلاف کیس کھولا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کی جانب سے نامزد پانچ افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں احمر بلال صوفی، غلام رسول، عبدالباسط، شاہد علی بیگ اور طارق فواد شامل ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ تجارت کے لیے ای سی سی کی تجویز کی توثیق نہیں کی گئی، بھارت سے تعلقات کی بحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارت 5 اگست 2019ء کے اقدامات پر نظر ثانی نہیں کرتا، اس کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا اور تجارت کرنا ممکن نہیں۔