کراچی: وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ہماری تجاویز پر ضروری اقدامات نہ کئے تو صوبائی حکومت اپنے طور پر فیصلے کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے دوران میں نے کہا تھا کہ 2 ہفتے کیلئے انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ بند کریں کیونکہ وائرس کی پہلی لہر سے محفوظ رہنے کی وجہ یہی تھی۔
انہوں نے کہ کہا وزیراعظم پاکستان عمران خان کی لاک ڈاؤن کے حوالے سے اپنی سوچ ہے مگر ہم اپنے طریقے سے دیکھ رہے ہیں، کل کورونا سے متعلق ٹاسک فورس کی میٹنگ بلائی ہے اور اگر این سی او سی نے ضروری اقدامات نہیں کئے تو ہم اپنے طور پر فیصلے کریں گے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے ویکسی نیشن مہم کو مزید تیزکرنے کا کہا ہے کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ ہمیں یہ معلوم ہو کہ درحقیقت کتنی ویکسین کی ضرورت ہے، ہمیں قانون نافذکرنے والے اہلکاروں کی بھی ویکسی نیشن کرنی ہے۔