اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر تے ہوئے خود کار نظام کے تحت ایف آئی آر ایس ایم ایس الرٹ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر دیا گیا، خود کار نظام کے تحت ایف آئی آر ایس ایم ایس الرٹ سسٹم کا آغاز ہو گیا ہے جس کے تحت درخواست دہندہ کا مقدمہ درج کرکے دئیے گئے نمبر پر ایس ایم ایس الرٹ کے ذریعے آگاہ کیا جائے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ایس ایم ایس الرٹ کے ذریعے تفتیشی افسر اور مقدمہ نمبر کا پیغام موصول ہو گا اور اس سروس کے ذریعے شہریوں کو بروقت ان کے مقدمات کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے، ایس ایم ایس الرٹ سسٹم متعارف کرانے کا مقصد زیروٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولیات کے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں، آن لائن اپوائنمنٹ سسٹم، ای چوکی، چپ کارڈ ڈرائیونگ لائسنس، پولیس سروس سنٹر جیسے اقدامات متعارف کروائے ہیں۔