لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی مکمل صحت یاب نہ ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف جمعے کو شیڈول پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 26 سالہ حسن علی کا کورونا ٹیسٹ دو مرتبہ مثبت آیا تھا جس کے باعث انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑا تھا تاہم قومی سکواڈ کی جنوبی افریقہ روانگی سے قبل ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا جس پر انہیں سکواڈ کیساتھ روانگی کی اجازت تو مل گئی لیکن ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ حسن علی فی الحال مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق حسن علی کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کھلانا ان کی فٹنس سے کھیلنے کے مترادف ہو گا اس لئے وہ جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیلئے قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ دیگر میچز میں شرکت کا فیصلہ ان کی صحت کو دیکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچز کیلئے قومی ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے اور اگر ایسا ہوا تو وہ بطور وکٹ کیپر کھیلیں گے جبکہ محمد رضوان کو ریگولر بلے باز کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا جو نمبر چار پر بیٹنگ کریں گے اور سرفراز احمد کو پانچویں نمبر پر کھلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ہیڈ کوچ مصباح الحق، کپتان بابراعظم اور باؤلنگ کوچ وقار یونس میں مشاورت بھی ہوئی ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔