بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی 20 میچ میں 65 رنز سے شکست، تین میچوں کی سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام

07:47 PM, 1 Apr, 2021

آکلینڈ: نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ تیسرے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 65 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے، نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور فن ایلن نے عمدہ بلے بازی کے ذریعے جبکہ ٹم ساؤتھی اور ٹوڈ ایسٹل نے تباہ کن باؤلنگ کی مدد سے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بارش کے باعث ٹاس بھی تاخیر کا شکار ہوا اور میچ 10,10 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ فن ایلن نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور مارٹن گپٹل نے 19 گیندوں پر پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 44 رنز بنائے جبکہ گلین فلپس 14 اور ڈیریل مچل 11 رنز بنا سکے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے شوریفول اسلام نے دو اوورز میں 21 رنز کے عوض ایک کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور تسکین احمد نے دو اوورز میں 24 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ مہدی حسن دو اوورز میں 34 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 9.3 اوورز میں صرف 76 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور آٹھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ محمد نعیم نے سب سے زیادہ 19 رنز بنائے جبکہ سومیا سرکار 10، لٹن داس صفر، نجم الحسین شنتو 8، عفیف حسین 8، مصدق حسین 13، مہدی حسن صفر، شوریفول اسلام 6، تسکین احمد 5، روبیل حسین 3 اور نسوم احمد بھی صرف 3 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹوڈ ایسٹل سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے دو اوورز میں 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹم ساؤتھی نے دو اوورز میں 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم ملنے، لوکی فرگوسن اور گلین فلپ ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 

مزیدخبریں