ممبئی ،بھارتی اداکارہ کرن کھیر بلڈکینسر کے عارضے میں مبتلا ہوگئیں ۔ ان کے شوہر اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ان کی بیماری کی تصدیق کی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ کرن کھیر ان دنوں ممبئی کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق کرن کھیر کی صحت یابی میں تین سے چار ماہ لگیں گے۔
کرن کھیر اداکاری کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی پیش پیش ہیں اور بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی چندی گڑھ رکن پارلیمنٹ ہیں۔
انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر اپنی اہلیہ اداکارہ کرن کھیر کے بلڈ کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ کرن کھیرکا علاج جاری ہے
بی جے پی کے ریاستی صدر ارون سوڈ کے مطابق 11 نومبر کے دن کرن کھیر کے بائیں ہاتھ میں فریکچر ہوا جس کے علاج کے دوران ہی انہیں اس بیماری کے بارے میں معلوم ہوا۔ارون سوڈ کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں بیماری کا پتہ لگنے کے بعد ، کرن کھیر اپنے علاج کے لیے 4 دسمبر کو ممبئی گئی تھی۔
اداکارہ کرن کھیر اب تک کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں منگل پانڈے ، رنگ دے بسنتی ، ویر زارا ، دیوداس ، میں ہوں نا ، دوستانہ ، کبھی الوداع نہ کہنا، فنا اور ٹوٹل سیاپا جیسی متعدد فلمیں شامل ہیں ۔اس کے علاوہ وہ کئی ٹیلی ویژن شوز میں بھی کام کرچکی ہیں ۔
بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والی کرن کھیر نے 2009 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور الیکشن میں پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلائی تھی۔ اس کے بعد ، 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں ، بی جے پی نے انہیں چندی گڑھ سیٹ سے امیدوار بنایا اور وہ پہلی بار پارلیمنٹ پہنچیں۔