ہمایوں اختر،خسروبختیار اور سلمان شہباز کی شوگر ملوں نے کسانوں کے اربوں روپے دبا لیے

12:59 PM, 1 Apr, 2021

لاہور :پاکستان کی بڑی شوگر ملوں نے کسانوں کے دس ارب روپے سے زائد دبا لئے۔ ہمایوں اختر اور ہارون اختر ، خسرو بختیار کے بھائی ، شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز نے کسانوں کو ادائیگی نہیں کی۔سیاسی اثررورسوخ ہونے کے باعث ادائیگیوں کے ڈیفالٹرز کے خلاف  کارروائی نہیں ہو سکی۔

  

نیو نیوز کے مطابق  تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر اور ہارون اختر کی دو شوگر ملوں کے ذمہ 2ارب86کروڑ سے زائد  رقم واجب الادا ہے ۔وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی کی رحیم یارخان اور سلانوالی مل کے ذمہ 1ارب28کروڑ روپے  ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی رمضان شوگر ملز نے کسانوں کو 81کروڑ سے زائد کی رقم ادا نہیں کی۔ پتوکی اور دریا خان شوگر مل نے 1ارب روپے سے زائد کی رقم دبا ئی ہوئی ہے۔شکر گنج شوگر مل جھنگ نے 40 کروڑ اور چنار شوگر مل نے 87کروڑ روپے ادا نہیں کئے ۔

 کین کمشنر محمد زمان وٹو کا کہنا ہے کہ شوگر فیکٹریز کنٹرول آرڈیننس ختم ہونے کے باوجود شوگر ملز پر کنٹرول ہے۔ آرڈیننس کے عرصہ کے دوران کسانوں کو واجب الادا ادائیگیاں  نہ کرنے پر فوجداری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔شوگر ملز کو آرڈیننس کے عرصہ کے دوران کی ادائیگیاں ہر صورت کرنا ہوں گی۔

زمان وٹو کا کہنا ہے کہ  اس ضمن میں کسی قسم کے تاخیری حربے قابل قبول نہیں۔کاشتکاروں کا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا جن کاشت کاروں کے واجبات قابل ادا ہیں وہ متعلقہ شوگر مل کے خلاف کین کمشنر پنجاب یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے فوری رجوع کریں۔

مزیدخبریں