ابھی حکومت نے بھارت سے تجارت کی منظوری نہیں دی: شیریں مزاری

11:59 AM, 1 Apr, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ بھارت سے تجارت کی منظوری ابھی نہیں ہوئی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ہی فیصلوں کو حکومت کی منظوری کا درجہ ملتا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں بھارت سے تجارت سمیت ای سی سی کے فیصلوں پربحث ہوگی جس کے بعد بھارت سےتجارت اور دیگرمعاملات پر فیصلہ کیاجائےگا۔

وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے کے بعد گزشتہ روز اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ حکومت نے بھارت سے چینی اور کپاس کی درآمد فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال بھارت میں چینی پاکستان کے مقابلے میں 15 سے 20 فیصد سستی ہے، نجی شعبہ بھارت سے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرسکے گا، ہندوستان سے تجارت کے نتیجے میں عوام اور چھوٹی صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بھارت سے تجارت بند کردی تھی ۔اب 19 ماہ بعد بھارت سے پاکستان کی تجارت بحال ہونے جارہی ہے۔

مزیدخبریں