لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پاکستان سپر لیگ سیزن پانچ کے باقی میچوں کے انعقاد کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلے آف میچوں کا زیادہ لطف آئے گا اور ویسے بھی ٹرافی کا فیصلہ میدان میں ہی ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے بھی پی ایس ایل فائیو کے باقی میچوں کے انعقاد کی حمایت کردی ہے جو ٹی ٹونٹی ایونٹ میں دو بار کی ٹائٹل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کررہے تھے۔
45 سالہ مصباح الحق نے ویڈیو لنک پر گفتگو کے دوران خیال ظاہر کیا کہ اگر پی ایس ایل سیزن پانچ کے پلے آف میچوں کا انعقاد کیا گیا تو اس سے لطف کا عنصر بڑھ جائے گا جب کہ ٹرافی کا فیصلہ میدان میں کئے بغیر ایونٹ کو درمیان میں نہیں چھوڑنا چاہئے کیونکہ حالات کی بہتری کے بعد جب بھی ممکن ہو باقی میچوں کو آسانی سے کرایا جا سکتا ہے جو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیئے گئے تھے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بطور کوچ اور کرکٹر ان کی خواہش ہے کہ جس طرح لوگ پہلے ایونٹ کے میچوں کو انجوائے کر رہے تھے اسی طرح انہیں باقی میچز دیکھنے کا موقع بھی ملنا چاہئے کیونکہ سنسنی خیز میچز ہی پی ایس ایل کی حقیقی خوبصورتی ہیں۔