لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جب سیاسی قیادت کھوکھلی ہو جاتی ہے تو عوام انہیں مسترد کر دیتی ہے جبکہ عوام نے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کو مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی صرف نعرے لگاتی ہیں جب کہ 7 ماہ کے دوران دونوں جماعتوں کے نظریے ہی تبدیل ہو گئے۔ جب سیاسی قیادت کھوکھلی ہو جاتی ہے تو عوام انہیں مسترد کر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی نے ہمارے خلاف بیانیہ دیا لیکن اس کے باوجود ناکام ہو گئے۔ 7 ماہ قبل دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہے تھے اور ضمنی انتخاب میں دونوں نے مل کر ہی انتخاب لڑا۔ جو ان کے سیاسی دیوالیہ پن کا مظاہرہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے اتحاد کو عوام کی یکسر مسترد کر دیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے اتحاد سے ان کے ووٹوں میں 8 فیصد کمی آئی ہے جب کہ مسلم لیگ نون اپنے امیدواروں کا پیپلز پارٹی سے سودا کر رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ یوسف رضا گیلانی کے بچے جلد نیا فیصلہ کرنے والے ہیں، وہ مسلم لیگ نون کی طرف جا رہے ہیں ، جس کی وجہ پیپلز پارٹی کی نشست پر مسلسل ہارنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کے لوگوں نے 4 مرتبہ اس حلقہ سے پیپلز پارٹی کو مسترد کیا ہے۔ مخالفین سمجھتے تھے کہ پنجاب میں تحریک انصاف حکومت نہیں بنا سکتی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا نان ایشو کو ایشو بنانے کے مترادف ہے۔ پروگرام کا نام تبدیل کرنا مسئلہ نہیں ہے، مسئلہ کام کرنا ہے اور ہم کام کر کے دکھائیں گے۔اس سے قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں علی حیدر گیلانی اور علی موسیٰ گیلانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو اس مقام تک لانے میں میرے والد کا اہم کردار ہے۔
شاہ محمود ڈرامائی انداز میں بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیلانی خاندان 3 دہائیوں سے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے جب کہ شاہ محمود قریشی اپنی سیاست پر نظر دہرائیں کہ انہوں نے 30 سال کس کس جماعت میں گزارے۔
علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ ضمنی انتخابات عام طور پر حکومت ہی جیتتی ہے جب کہ ملتان کے ضمنی انتخاب میں حکومتی مشینری اور وزراءنے مہم چلائی۔ شاہ محمود قریشی ایک سازشی انسان ہیں اور وزیر اعظم عمران خان ان کی سازشوں سے بچیں۔