پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نشاندہی پر ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن

11:32 PM, 1 Apr, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور میعاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل کی نشاندہی پرٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں بنانے والا یونٹ پکڑلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں کالا خطائی روڈ پر عفری فوڈز نامی فیکٹری جعلی بوتلیں بنانے پر سیل کر دی گئی۔ ڈائریکٹر آپریشنزرافیعہ حیدر نے بتایا کہ فیکٹری میں معروف برانڈکی انرجی ڈرنک سٹنگ کی خالی بوتلیں دوبارہ بھری جا تی تھیں۔کاروائی کے دوران 5000 ہزار تیار بوتلیں، 20 ہزار بوتلوں کا خام ما بھی برآمد کر لیا گیا۔

جعلی بوتلیں بھرنے اور سپلائی کرنے کا کام رات گئے کیا جاتا تھا۔ ویجیلنس سیل کی ریکی پرفیکٹری پکڑی گئی۔ فیکٹری مالکان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد پان شاپس کو گٹکا رکھنے پرسیل کرتے ہوئے 6579 پیکٹ گٹکا برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سوڈی وال چوک پر شاہد پان شاپ کو سیل کر کے2394 پیکٹ گٹکا،خدا بخش روڈ پر مون پان شاپ اور داتا ہجویری پان شاپ کو سیل کر کے2765 پیکٹ گٹکا ، عزیز بھٹی ٹائون میں استاد جی پان شاپ کو سیل کر کے 1250 پیکٹ گٹکا جبکہ عزیز بھٹی ٹائون میں شعیب بابا پان شاپ کو سیل کر کے 170 پیکٹ گٹکا برآمد کر لیا گیا۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ گٹکا کینسر کی بڑی وجہ ہے اور پنجاب میں اس کی فروخت مکمل طور پربین ہے۔ خلاف ورزی کرنے پر کاورائی ہوگی اور اس حوالے سے قوانین مزید سخت کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں