اسلام آباد : پاکستانی معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی بالی ووڈ اداکارہ روینا ٹنڈن کی فلم ‘ماتر’ کی ایک میوزک ویڈیو میں جلوہ گر ہونے کی رپورٹس سامنے آئیں تھی راحت فتح علی خان اس گانے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پروڈیوسر انجم رضوی نے کہا کہ ‘اچھا ہوتا اگر ہم راحت فتح علی خان کو گانے میں شامل کر پاتے لیکن بدقسمتی سے اس موقع پر یہ نہیں ہوسکتا’۔ فلم ساز اب اس میوزک ویڈیو میں راحت فتح علی خان کی جگہ روینا ٹنڈن کے فلم میں کیے گئے ایک سین کو ہی پیش کریں گے۔ تاہم فلم ‘ماتر’ کے ٹریلر لانچ پر اداکارہ روینا ٹنڈن کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فن اور ثقافت پر کسی قسم کی پابندیاں نہیں لگانی چاہیے۔
انہوں نے کہا ‘مجھے لگتا ہے کہ فن، ثقافت اور موسیقی کی کوئی حدود نہیں ہوتی، موسیقی کی کوئی دیوار نہیں، اس کو کنڑول کرنا بھی مشکل ہے’۔ دوسری جانب میوزک کمپوزر ویپن پٹوا نے اکشرا حسن کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ‘لالی کی شادی میں لڈو دیوانے’ میں گلوکار راحت فتح علی خان کے گانے کو شامل کرنے کی پوری کوشش کی ہے، جبکہ فلم ساز اس گانے کو تنازعات سے بچنے کے لیے ہٹانے کا ارادہ کررہے تھے۔
مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے ویپن کا کہنا تھا کہ ‘مجھے ایسا لگا کہ راحت فتح علی خان کی آواز کو فلم سے ہٹانا غلط ہوگا، میں نے فلم سازوں کو کسی طرح منا لیا کہ ہم ان کا گانا ہی فلم میں رکھیں، تنازعات اس وقت پیدا ہوسکتے تھے اگر ہم اُڑی حملے کے بعد اس گانے کو ریکارڈ کرتے’۔ بولی وڈ کی ایک اور فلم ‘بیگم جان’ میں راحت فتح علی خان کے گانے کو شامل کیا گیا، جنہوں نے ہندوستانی گلوکار سونو نگم کے ساتھ مل کر ‘آزادیاں’ نامی گانا گایا۔